کلکتہ،11؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)معروف شیعہ عالم دین اور مغربی بنگال میں اتحاد بین المسلمین کے داعی مولاناسید اطہرعباس رضوی کا کل رات دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقا ل ہوگیا۔ مولاناکو ان کی رہائش گاہ اقبال پور میں رات تقریباً8.30بجے دل کادورہ پڑا فوراً ہی انہیں سی ایم آر آئی اسپتال لے جایا مگر جانبر نہ ہوسکے اور داعی اجل کو لبیک کہہ دیا۔مولانا فقہ جعفریہ کے معروف عالم اور بین الاقوامی سطح کے شیعہ خطیب تھے۔ مغربی بنگال میں انہوں نے مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق اورسماجی و معاشرتی اصلاح کے لیے قائم کئی انجمنوں اوراداروں کے سرگرم ممبرتھے۔ مرحوم کے پس ماندگان میں بیوہ کے علاوہ دوبیٹے اوردو بیٹیاں ہیں۔مولانااطہرعباس رضوی مغربی بنگال وقف مغربی بنگال ریاستی حج کمیٹی ملی اتحاد پریشد اور دیگر کئی اداروں کے ممبرتھے۔ مرحوم آل فیتھ فورم کے نائب صدربھی تھے۔ان کے انتقال پرفورم کے صدر ایم پی ادریس علی،شاہی امام مولاناسید محمدنورالرحمن برکتی عبدالعزیزفادردیو راج فرنانڈیز،پروفیسر ایم اے علی اور دیگر نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ کولکاتا میں یکے بعد دیگرے اچھے لوگ اٹھتے جارہے ہیں ابھی4ستمبرکو ہم نے ایم پی سلطان احمد کے جنازہ کو کاندھادیاتھا اب اجل نے مولانااطہرعباس کو ہم سے چھین لیا۔کولکاتا سے ایک اچھا انسان اٹھ گیا ۔